اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو نئی آئینی عدالت کا چیف جسٹس بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اہم مشاورت جاری ہے، اور باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں ایک عشائیہ رکھا ہے، جو کل چیف جسٹس ہاؤس میں ہوگا۔ اس تقریب میں سپریم کورٹ کے تمام جج صاحبان کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس امین الدین خان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں نئی تشکیل دی جانے والی آئینی عدالت کا پہلا چیف جسٹس مقرر کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جسٹس امین الدین خان 30 نومبر کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں، تاہم اگر انہیں آئینی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تو ان کے عہدے کی مدت میں اضافہ ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جگہ ایک علیحدہ آئینی عدالت قائم کی جا رہی ہے، جو آئین کی تشریح، وفاقی تنازعات اور بنیادی آئینی معاملات سے متعلق مقدمات کی سماعت کرے گی۔ یہ ترمیم ملکی عدالتی ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔





