اسلام آباد: پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے یہ پیش رفت ممکن ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنا اور سرمایہ کاری و ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
حال ہی میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی شعبے، زراعت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ قطر کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دفاعی تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔
توقع ہے کہ بڑھتے ہوئے اقتصادی اور دفاعی تعلقات سے پاکستان کی دفاعی صنعت اور برآمدات کو نئی جہت ملے گی۔ اس کے علاوہ، دو طرفہ تعلقات کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ ایس آئی ایف سی پاکستان کی زرعی، اقتصادی اور دفاعی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔





