پاکستان تحریک انصاف کی چیف آرگنائزر پنجاب، عالیہ حمزہ نے پنجاب کے عوام کو 25 نومبر بروز منگل کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی کال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں عمران خان کی بہادر فیملی کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور ان کا ساتھ دینا ہے۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ان کی فیملی کا آئینی، قانونی اور انسانی حق ہے، جسے عدالتیں بھی تسلیم کرتی ہیں اور جیل مینوئل بھی اس کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ان ملاقاتوں کو روکنے کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔
عالیہ حمزہ نے تحریک انصاف کے تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز، تنظیمی عہدیداران، ورکرز اور سپورٹرز سے درخواست کی کہ وہ اڈیالہ جیل کے باہر خان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے رہیں اور ان کا بھرپور ساتھ دیں۔
انہوں نے ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی کہ وہ کم از کم چار کارکنان کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچیں تاکہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کی جا سکے۔






