اسلام آباد: وزیراعظم نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کی ہدایت دے دی، جس کے بعد آئندہ بجٹ میں ٹیکس ریٹ میں کمی کے اقدامات پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے پاکستان بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس میں بھی کمی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکس ریٹ میں کمی کا دارومدار ٹیکس کمپلائنس بڑھنے پر ہوگا، ٹیکس دہندگان کی تعداد جتنی بڑھے گی بوجھ اتنا کم کیا جا سکے گا۔
ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ سپر ٹیکس مرحلہ وار کم کیا جائے گا اور آخرکار ختم کرنے کی تجویز پر بھی غور ہو رہا ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے گی۔ سپر ٹیکس میں کمی کا مقصد سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس عمل کے پہلے مرحلے کے آغاز کا امکان ہے۔






