پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر سخت عمل درآمد کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان کے گنجان علاقوں میں ڈرونز سے نگرانی کی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے مطابق ڈرونز کی نشاندہی پر کوئیک ریسپانس ٹیمیں فوری کارروائی کریں گی۔ کم عمر ڈرائیورز، بغیر ہیلمٹ سفر، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ٹریفک قوانین میں کی گئی ترامیم شہریوں کی حفاظت کے لیے ہیں، اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لیے قوانین کی پاسداری کریں۔






