اولمپک ریکارڈ ہولڈر اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے 35 ویں نیشنل گیمز میں جیولن تھرو ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم نے 81.81 میٹر دور نیزہ پھینک کر دیگر شرکا پر واضح سبقت حاصل کی۔
ارشد ندیم کے قریبی حریف اور اسلامی یکجہتی گیمز کے سلور میڈلسٹ یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا، جبکہ پاکستان آرمی کے محمد ابرار نے 68.67 میٹر دور نیزہ پھینک کر برانز میڈل حاصل کیا۔
اولمپین ارشد ندیم نے گزشتہ سال کوئٹہ میں ہونے والے 34 ویں نیشنل گیمز میں بھی 78.01 میٹر دور نیزہ پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور اس بار اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ ارشد ندیم پہلے ہی اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں 16 ایتھلیٹ شریک ہوئے جن میں سے 8 نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔
ارشد ندیم نے اپنی پہلی تھرو میں 78.4 میٹر، دوسری تھرو میں 77.77 میٹر اور تیسری تھرو میں 81.81 میٹر دور نیزہ پھینکا۔ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انجریز سے بچتے ہوئے مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور اگلے لاس اینجلس اولمپک 2028 میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز میں بھرپور طاقت کے ساتھ نہیں کھیلا تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو، حکومت کی فراہم کردہ سہولیات پر مسرور ہیں اور پاکستان نیوی کے نمائندگی کرنے والے چھوٹے بھائی کی کارکردگی سے بھی خوش ہیں۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ ارشد ندیم کو مکمل طور پر فٹ رکھنے اور کسی بھی انجری سے بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کی محنت کا پھل مل رہا ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ملک اور قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔






