امریکا نے پاکستان ایئر فورس کے ایف-16 بیڑے کے لیے 686 ملین ڈالر کے اپ گریڈ پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پیش رفت امریکی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کی جانب سے کانگریس کو ارسال کردہ خط میں ظاہر کی گئی، جس کے بعد 30 روزہ پارلیمانی جائزے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا ہے۔ اس دوران امریکی قانون ساز پاکستان کو ایف-16 سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کا جائزہ لیں گے۔
امریکی ایجنسی کے مطابق یہ اپ گریڈ پیکیج انسدادِ دہشت گردی آپریشنز میں پاکستان کی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ امریکا اور اتحادی فورسز کے ساتھ انٹرآپریبلٹی برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔ پیکیج میں لنک-16 سسٹمز، کرپٹوگرافک آلات، جدید ایویونکس، تربیت اور جامع لاجسٹک سپورٹ شامل ہے۔
فروخت سے پاکستان کے بلاک-52 اور مِڈ لائف اپ گریڈ ایف-16 بیڑے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور طیاروں کی عمر 2040 تک بڑھ جائے گی۔ اس اقدام سے دونوں فضائی افواج کے درمیان جنگی مشقوں، تربیت اور آپریشنز میں مزید مؤثر مربوط تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔






