بلوچستان کے علاقے آواران میں دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کی جانب سے نمازِ جمعہ کے دوران سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مارٹر گولوں اور راکٹس کے حملے میں چار معصوم بچے زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آبادی والے علاقے میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ نہتے بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکیت، بزدلی اور شکست خوردہ ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔ فورسز کے مطابق اس کارروائی کا مقصد بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنا اور عوام میں خوف پھیلانا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے اس مکروہ کھیل کو بخوبی پہچان چکے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف ریاستی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر اور مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور ایسے عناصر کو کسی صورت امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔






