لاس اینجلس میں ہالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر اور اداکار راب رائنر اور ان کی اہلیہ مشیل رائنر کی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد پولیس نے ممکنہ قتل کے پہلو سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ شواہد کی بنیاد پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ 14 دسمبر کو دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے میڈیکل ایڈ کی کال موصول ہونے پر ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں 78 سالہ راب رائنر اور 68 سالہ مشیل رائنر مردہ حالت میں پائے گئے۔
قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے جسموں پر چھریوں کے زخم موجود تھے، جبکہ ایک قریبی اہلِ خانہ سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔
راب رائنر نیویارک کے رہائشی تھے اور سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے تھے۔ وہ 2004 کے صدارتی انتخاب کے دوران جارج ڈبلیو بش کے خلاف مہمات میں شامل رہے اور ڈیموکریٹ امیدوار جان کیری، ایل گور اور ہلیری کلنٹن کی حمایت کر چکے تھے۔
راب رائنر اور مشیل رائنر کی شادی 1989 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔ اس سے قبل راب رائنر معروف اداکارہ اور ڈائریکٹر پینی مارشل سے 1971 سے 1981 تک شادی شدہ رہے، جن کی بیٹی ٹریسی رائنر کو انہوں نے گود لیا تھا۔






