پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹرینڈ بنانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں،طلال چودھری

0
472

اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس منظم انداز میں ٹرینڈ بنانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ بعض عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں بھی سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادی اظہارِ رائے پر یقین رکھتی ہے، تاہم اس کی بھی کچھ حدود ہوتی ہیں۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف منفی اور مذموم مہم چلائی جا رہی ہے، جبکہ ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کرتی ہے۔

طلال چودھری کے مطابق ایک ایک ٹویٹ کے عوض پیسے وصول کر کے ٹرینڈز بنائے جاتے ہیں، جبکہ بعض کمپنیوں کو ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز کی بولیاں لگا کر فروخت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل آزادی اظہار کے نام پر ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بیشتر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں، جن میں زیادہ تعداد نارتھ امریکا، یورپ اور جنوبی ایشیا سے چلائی جا رہی ہے۔ ان اکاؤنٹس کو ٹرینڈنگ کے لیے باقاعدہ استعمال کیا جاتا ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے دعویٰ کیا کہ یہی اکاؤنٹس ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور اسرائیل کے حق میں بھی ٹرینڈز بناتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کے پاس اس حوالے سے کافی معلومات اور شواہد موجود ہیں، جبکہ بیرون ملک سے فنڈنگ کی منتقلی کے ثبوت بھی جمع کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک سے چلنے والے جعلی اکاؤنٹس کی تعداد زیادہ ہے، ایسے عناصر کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ اگر وہ باز نہ آئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا