اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کے بینچ سے الگ ہونے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی، جس میں انہوں نے چیف جسٹس پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
درخواست میں جسٹس طارق جہانگیری نے مؤقف اختیار کیا کہ زیرِ سماعت ڈگری کیس پر چیف جسٹس نے چند دیگر افراد کے ساتھ ساتھ ان سے بھی گفتگو کی، جو عدالتی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
جسٹس طارق جہانگیری کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے خود اس بات کو تسلیم کیا کہ ڈگری کیس کو جلد سماعت کے لیے ان پر شدید دباؤ ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر انہیں پوسٹ ڈیٹ استعفیٰ دینے کی تجویز دی تاکہ ان پر دباؤ کم ہو سکے۔
درخواست گزار کے مطابق چیف جسٹس کی جانب سے زیرِ التوا مقدمے پر گفتگو کے بعد وہ اس کیس کی سماعت کے اہل نہیں رہے۔ جسٹس طارق جہانگیری نے استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ڈگری کیس کی سماعت سے خود کو علیحدہ کریں۔
جسٹس طارق جہانگیری نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے چیف جسٹس کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باقاعدہ شکایت بھی دائر کر دی ہے اور مؤقف اپنایا کہ چیف جسٹس کو دباؤ کے باوجود کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ ڈگری کیس سے متعلق یہ درخواست آج ہی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔





