واشنگٹن: معروف امریکی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے 2025 کو پاک امریکا تعلقات میں انقلابی تبدیلی کا سال قرار دیا ہے۔ اخبار کے مطابق واشنگٹن کی انڈیا فرسٹ پالیسی ختم ہو چکی ہے اور پاکستان کو خطے میں ترجیحی شراکت دار کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔
واشنگٹن ٹائمز نے لکھا کہ مئی کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی ملٹری کارکردگی نے امریکی صدر ٹرمپ کو حیران کر دیا، جس کے بعد امریکی پالیسی میں واضح تبدیلی آئی۔ آرٹیکل میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے تعلقات کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق پاکستان اب ناپسندیدہ ریاست کے بجائے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار بن چکا ہے، جبکہ بھارت کے داخلی سیاسی مسائل اور کمزور سفارتی و عسکری کردار نے اسے علاقائی استحکام کے لیے غیر مؤثر بنا دیا۔
جریدے میں کہا گیا کہ پاک امریکا تعلقات میں پیش رفت خفیہ انسداد دہشت گردی تعاون سے شروع ہوئی، جس کے بعد ٹرمپ نے پاکستان کی کھل کر تعریف کی۔ مئی جنگ کے بعد پاکستان کو جنوبی ایشیا میں ایک سنجیدہ اور ابھرتا ہوا اسٹریٹجک اثاثہ قرار دیا گیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان کی ملٹری ماڈرنائزیشن، کمانڈ اسٹرکچر میں اصلاحات اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت میں اضافہ کیا، جبکہ امریکی ثالثی پر پاکستان کے مثبت رویے کو بھی سراہا گیا۔






