نائیجیریا:دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملے،متعدد شدت پسند ہلاک

0
657

ابوجا،واشنگٹن:امریکا نے نائیجیریا کی حکومت کی درخواست پر ملک کے شمال مغرب میں داعش سے وابستہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کی ہے، جس میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کارروائی نائیجیریا کے صوبے سوکوٹو میں کی گئی۔ امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق یہ حملہ نائیجیریا کے سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے کیا گیا، جس میں داعش کے کئی جنگجو ہلاک ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ داعش کے شدت پسند علاقے میں خاص طور پر مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہے تھے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کیا جا رہا تھا، جس پر امریکی فوج نے فیصلہ کن کارروائی کی۔

امریکی فوج کے مطابق کارروائی سے قبل انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نگرانی پروازیں کی گئیں تاکہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں جنگی جہاز سے میزائل داغے جانے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ حملہ امریکا اور نائیجیریا کے درمیان جاری سکیورٹی تعاون کا حصہ ہے، جس میں انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور مشترکہ حکمت عملی شامل ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق شمال مغربی علاقوں میں فضائی کارروائیوں سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے نائیجیریا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا