سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

0
1500

سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

برسی کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ گڑھی خدا بخش میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی گڑھی خدا بخش پہنچے اور شہدا کے مزارات پر حاضری دی۔ اس موقع پر جیالوں کی بڑی تعداد نے محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا، جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب، لیاقت باغ راولپنڈی میں محترمہ بینظیر بھٹو کی جائے شہادت پر بھی کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں فاتحہ خوانی کی گئی۔

انصاف کے لیے پرامن جدوجہد بینظیر بھٹو کا پیغام ہے: صدر آصف زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی اس بات کا پیغام ہے کہ انصاف کے لیے پرامن طریقے سے آواز بلند کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کے بجائے اتحاد اور انتقامی سیاست کے بجائے جمہوریت کو اصل بدلہ سمجھنا چاہیے۔ محترمہ بینظیر بھٹو فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت کے خلاف تھیں اور اقلیتوں کے حقوق کی علمبردار رہیں۔

دخترِ مشرق جرات اور ہمدردی کا نادر امتزاج تھیں: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دخترِ مشرق شہید بینظیر بھٹو کی زندگی جرات، استقامت اور ہمدردی کا نادر امتزاج تھی۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جمہوریت کی جدوجہد میں آخری دم تک ثابت قدم رہیں اور بلا خوف و خطر جدوجہد کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کا وژن آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو اپنے وقت سے بہت آگے سوچ رکھنے والی کرشماتی لیڈر تھیں، جو صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حقوق کی محافظ اور خواتین کی خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علامت تھیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا