وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی منا رہے ہیں، جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت میں رواداری، برداشت اور ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کو فروغ دیا۔ سیاسی عمل میں برداشت اور مفاہمت کا کلچر متعارف کرانا ان کی ایک بڑی کامیابی تھی، جبکہ ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا۔ انہوں نے خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کو ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے۔ ان کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن اس عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا، جس کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل دے۔






