اٹلی نے پاکستان کے لیے 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا

0
168

وزارتِ اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے، اور اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ تین سال کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 500 روزگار کے مواقع مختص کیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے، جن میں 1 ہزار 500 سیزنل اور 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ کے تحت روزگار حاصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی سے پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی، جسے اٹلی نے قبول کر لیا۔ اٹلی کی جانب سے پاکستانی ورک فورس کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جہاں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز خدمات انجام دیں گے۔

ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ اسٹاف، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے مواقع موجود ہیں۔ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے باضابطہ طور پر پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں، جو یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا بڑا قدم ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ جلد یورپ کے دیگر ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا