راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے اور سکیورٹی فورسز نے ان کی موجودگی کی اطلاع پر مؤثر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ یہ دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقہ میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بھرپور قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔






