برلن: جرمنی نے مسلح ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ایک افغان تارکین وطن کو ملک بدر کر دیا ہے۔
جرمن وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدام عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔ وزارت نے واضح کیا کہ سنگین جرائم، بالخصوص پرتشدد کارروائیوں، منشیات فروشی، مسلح ڈکیتی یا منظم جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو پناہ یا قیام کا حق حاصل نہیں رہتا۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ افغان شہری کو عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کیا گیا جبکہ آئندہ دنوں میں مزید جرائم پیشہ افغان باشندوں کی بے دخلی بھی متوقع ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق 2018 سے اب تک 220 سے زائد افغان پناہ گزین جرائم میں ملوث ہونے پر جرمنی سے بے دخل کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ برس 2024 میں 28 جبکہ رواں برس اب تک 81 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جرمنی کے علاوہ دیگر یورپی ممالک، امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی طالبان کے اقتدار کے بعد پہنچنے والے بعض افغان تارکین وطن کے جرائم میں ملوث ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔






