راولپنڈی: پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان پیشہ وارانہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور دفاعی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دورے کے دوران عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور بعد ازاں انہوں نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ دفاعی اور فضائی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور مشترکہ تربیت پر اتفاق کیا گیا۔صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئرچیف نے عراقی فضائیہ کی تربیت کے شعبے میں پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عراق کے مذہبی ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی مہارتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔عراقی ایئرچیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔
عراقی فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر کے علاوہ پاک فضائیہ کے سپر مشاق تربیتی طیاروں میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔عراقی فضائیہ کے سربراہ نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی اور فضائی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔






