پاکستان تحریک انصاف کو کراچی میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی جانب سے باغِ جناح میں جلسے کے انعقاد کے لیے باضابطہ این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اجازت نامے کے مطابق جلسے کے دوران اشتعال انگیز مواد کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ آڈیو ویڈیو مواد، کیسٹوں اور سی ڈیز کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح نفرت انگیز، فرقہ وارانہ تقاریر اور ریاست یا افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی گفتگو کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت تمام نافذ قوانین پر عملدرآمد کی مکمل ذمہ داری جلسے کے منتظمین پر عائد ہوگی۔ سیکیورٹی انتظامات کے تحت واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز کی تنصیب اور رضاکاروں کی تعیناتی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اجازت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جلسے کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، جو اگلے روز متعلقہ حکام کو جمع کرانا ہوگی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پارکنگ جلسہ گاہ سے دو سو گز کے فاصلے پر مختص کی جائے گی، جبکہ داخلی اور خارجی راستے محدود رکھے جائیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور شہریوں کو کسی بھی ممکنہ پریشانی سے محفوظ رکھنا ہے۔






