لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا اور ہر سطح پر تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ اقتصادی و سماجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے ساتھ تعاون پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
اس موقع پر محمد نواز شریف نے کہا کہ اگر مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل حالات میں جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کیا اور ایرانی عوام کے لیے ان کے دل میں بے شمار دعائیں اور نیک خواہشات موجود ہیں۔
ایرانی سفیر نے محمد نواز شریف کو عالم اسلام کا ایک اہم اور عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کی قیادت اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے لیے محمد نواز شریف جیسے مدبر رہنما کی اشد ضرورت ہے۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ ایرانی عوام محمد نواز شریف کی صحت اور حفاظت کے لیے دعاگو رہتے ہیں اور خطے کی صورتحال پر ان سے تبادلہ خیال کو باعثِ اطمینان سمجھتے ہیں کیونکہ پاکستان خطے کا ایک بڑا اور مؤثر ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام محمد نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں اور پاکستان و ایران ایک خطہ، ایک برادری اور ایک قوم کی مانند ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں گہرائی، اخلاص اور تاریخی وابستگی پائی جاتی ہے۔
ایرانی سفیر نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ سے متعلق مسائل کے حل پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔






