کولمبو:بھارت کےخلاف میچ ،قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں،آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل کولمبو میں کپتانوں کی پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے بنگلادیش کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل رہے ہیں۔بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں، جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے تاہم بنگلادیش ٹیم کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے جس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ایشیا کپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سےاچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھےاخلاق والے ہیں، یہاں آ کر ہمیشہ اچھا محسوس کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس چیز پر زیادہ فوکس نہیں ہے جس کو ہم کنٹرول نہیں کرسکتے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور ورلڈکپ میں کوئی ٹیم چھوٹی نہیں ہوتی، نیدر لینڈز کے خلاف میچ کی اچھی تیاری کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 7 فروری سے نیدر لینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔





