عمران خان کو طبی سہولیات نہ ملنے سے آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ، شوکت یوسف زئی

0
86

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں جیل میں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور مناسب علاج نہ ملنے کے باعث ایک آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وفاقی وزرا یہ دعویٰ کرتے رہے کہ عمران خان کو جیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ نے ان دعوؤں کی نفی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، لیکن انہیں جس کمرے میں رکھا گیا ہے وہاں کئی کئی گھنٹے بجلی نہیں ہوتی، گرمیوں میں شدید حبس ہوتا ہے اور کمرے میں کیڑے مکوڑے موجود ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معیاری خوراک اور طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا جبکہ کمرے میں موجود ٹی وی بھی فعال نہیں اور وہ کھانا اپنے خرچ پر منگواتے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر فوری نوٹس لے اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سمیت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا قابل قبول نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد سپریم کورٹ نہ صرف اہل خانہ سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کرے گی بلکہ علاج کے دوران اہل خانہ کی موجودگی کو بھی یقینی بنائے گی۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کا علاج ان کی مرضی کے ڈاکٹروں سے کرانے کا حکم دیا جانا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا