ائیر چیف کی انڈونیشین صدر سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

0
23

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ انڈونیشیا کے دوران صدر پربوو سوبیانتو سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور دفاعی روابط پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ائیر چیف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے فضائی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام اور ایرو اسپیس ترقیاتی ڈھانچے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

قبل ازیں ائیر چیف مارشل نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجامسو الدین، مسلح افواج کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں بنیادی سے جدید سطح تک مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ابھرتے ایرو اسپیس شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں معاونت کی خواہش ظاہر کی۔

دوطرفہ فضائی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو انڈونیشین فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” بھی عطا کیا گیا۔

مزید برآں انڈونیشین وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں دفاعی و سلامتی سے متعلق وسیع امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انڈونیشین قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدیدیت کے عمل اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی جدید تکنیکی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون، فضائی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا