اسلام آباد: عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان کی آنکھ کا مزید معائنہ اور علاج ایک خصوصی طبی ادارے میں ماہرین امراضِ چشم سے کرایا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں انہیں ایک خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں ماہر ڈاکٹر تفصیلی معائنہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے تیار کی جانے والی تفصیلی میڈیکل رپورٹ بھی سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں، بے بنیاد خبروں اور ذاتی مفاد کے لیے سیاسی رنگ دینے کی کوششوں سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل انہیں ان کے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔





