خلیج میں جاری کشیدگی اور ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگی صورتحال کے تناظر میں کویت نے احتیاطی اقدام کے طور پر تیل کی پیداوار میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی دھمکیوں اور خطے کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر کویت نے اپنی تیل کی پیداوار اور ریفائننگ سرگرمیوں میں احتیاطاً کمی کی ہے۔
کویت پٹرولیم کارپوریشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کمپنی کی رسک مینجمنٹ اور کاروباری تسلسل کی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ جنگی حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور تیل کی پیداوار میں کی گئی کمی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔
کویت پٹرولیم کارپوریشن کے مطابق حالات بہتر ہوتے ہی تیل کی پیداوار فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔
دوسری جانب کویتی حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ملکی ضروریات کے مطابق تیل کا ذخیرہ موجود اور مکمل طور پر محفوظ ہے، جبکہ ملک بھر میں طے شدہ منصوبوں کے تحت سپلائی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے بعد قطر نے گیس کی سپلائی روک دی ہے، جبکہ دیگر عرب ممالک نے بھی تیل اور پیٹرول کی ترسیل محدود کر دی ہے۔





