مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک میں ذی الحج 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد یکم ذی الحج بروز پیر ہونے کا اعلان کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو دو گواہوں کی شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ خیبر پختونخوا سے مزید تین شہادتیں بھی موصول ہوئیں۔
زونل کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق مردان سے محمد اور احمد نامی افراد نے چاند دیکھنے کی شہادت دی جبکہ پشاور سے بھی ایک شہادت موصول ہوئی۔






