کراچی: وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کیلئے پروازوں کا آغاز 31 مئی سے کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق پہلی حج پرواز 31 مئی کی شب جدہ سے روانہ ہو کر سیالکوٹ پہنچے گی، جس کے ذریعے 391 حجاج کرام وطن واپس آئیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے دوران بیشتر پروازیں پاکستانی وقت کے مطابق یکم جون کو مختلف شہروں میں لینڈ کریں گی، جبکہ یکم جون کو 22 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 237 حجاج وطن پہنچیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز اسلام آباد کیلئے 5 پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ کراچی اور لاہور کیلئے 4،4 پروازیں، ملتان اور سیالکوٹ کیلئے 3،3 پروازیں، فیصل آباد کیلئے 2 اور کوئٹہ کیلئے ایک پرواز مقرر کی گئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ مدینہ منورہ سے واپسی کی پروازوں کا آغاز 3 جون سے ہوگا، جبکہ بعد از حج فلائٹ آپریشن کی آخری پرواز 30 جون کو لاہور پہنچے گی۔
حکام کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔






