چند وفاقی وزرا مسائل بڑھا رہے ہیں، کشمیر کے معاملات سیاسی انداز میں حل کیے جائیں: بلاول

0
361

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی ٹیم کو کنٹرول کرنا چاہیے، بصورت دیگر مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں اپنی جماعت کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، مجلس وحدت المسلمین اور دیگر سیاسی قوتوں نے بھی مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن عمل کامیاب ہو اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششیں بارآور ثابت ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام سے پاکستانی عوام پر پڑنے والا معاشی بوجھ کم ہو سکے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات پہلے بھی مضبوط تھے، تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حالات سازگار ہونے پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کیا جانا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات میں ہے اور پیپلز پارٹی نے کبھی انتخابات ملتوی کرنے کی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کے مقاصد کے لیے آیا تھا، جبکہ بھارتی اور اسرائیلی گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف سرگرم ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان اس گٹھ جوڑ کا ایک اہم ہدف رہا ہے اور پاکستان کو اس سازش کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا