ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مسلسل سات میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میسی نے اردن کے خلاف میچ کے 80ویں منٹ میں فری کک پر شاندار گول کرکے نہ صرف ارجنٹینا کی برتری 3-1 کردی بلکہ فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل چھ میچز میں گول کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
لیونل میسی کا مسلسل گول کرنے کا سلسلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع ہوا، جس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ورلڈ کپ 2026 میں بھی میسی شاندار فارم میں ہیں، جہاں وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اور آسٹریا کے خلاف دو گول کرنے کے بعد اب اردن کے خلاف بھی گول اسکور کر چکے ہیں۔
اس تازہ گول کے بعد لیونل میسی کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی ہے، جبکہ جسٹ فونٹین نے 1958 اور جائرزینہو نے 1970 کے ورلڈ کپ میں مسلسل چھ میچز میں گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔






