آزاد کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات کا وقت آ گیا، حافظ نعیم الرحمٰن

0
422

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور اب ایک ایسی امید پیدا ہوئی ہے کہ تمام فریقین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے اور ان تمام فریقین کو غنیمت جانے جو بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر آمادہ ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کسی تجویز پر بات نہیں ہو سکتی جو آئینِ پاکستان سے متصادم ہو، تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کی گفتگو ہم سب کے جذبات کی ترجمان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وفد ثالثی کی پیشکش لے کر آیا تھا، جس پر انہوں نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا مشورہ دیا، لیکن اس کے بعد مزید پیش رفت نہیں ہو سکی اور اب دونوں جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت موجودہ صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہے۔ ان کے بقول حکومت ایک طرف مطالبات تسلیم کرنے اور معاہدے کرنے کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب انہی عناصر کو کالعدم قرار دے دیتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاملات کو طاقت کے بجائے تدبر، مکالمے اور سیاسی بصیرت سے حل کیا جانا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا