پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی اسمبلی نشستیں ختم نہیں ہو سکتیں، خواجہ سعد رفیق

0
247

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود آزاد کشمیر اسمبلی کی مہاجرین نشستیں ختم نہیں کی جا سکتیں اور ان کے خاتمے کی باتیں درست نہیں۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں مہاجرین کی نشست پر انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک مقبول جماعت ہے اور ملک میں ایک اور سیاسی جماعت بھی عوامی حمایت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات کا حل مذاکرات میں ہے، بات چیت کی پیشکش کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ شہروں کو بند کر دیا جائے، مسائل کا مستقل حل صرف مکالمے سے ہی ممکن ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم کی جا سکتی ہیں، حالانکہ ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نشستیں بڑھ سکتی ہیں، مگر پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی نمائندگی ختم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس علاقے میں وہ موجود ہیں وہ کشمیریوں کا گڑھ ہے، وہ خود بھی سکہ بند کشمیری ہیں، اگرچہ بعض لوگ انہیں کشمیری تسلیم نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت اور اس کے بعد ہجرت کرکے آنے والے کشمیریوں کو پنجاب کے عوام نے ہمیشہ عزت اور احترام دیا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بعض اوقات انتخابات کے نتائج عوامی توقعات سے مختلف ہوتے ہیں، اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا