وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد جتنے بھی حملے کر لیں، بلوچستان کے عوام پاکستان کا پرچم کبھی نہیں چھوڑیں گے کیونکہ وہ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں۔
کوئٹہ میں نوابزادہ سراج رئیسانی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ چند روز قبل بیلہ میں پاک فوج کے 11 جوان شہید ہوئے جبکہ گزشتہ روز 5 معصوم حجاموں کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ان واقعات کی مذمت کی جا رہی ہے یا ان کے خلاف کوئی احتجاج ہو رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک منظم سازش ہے جسے پوری قوم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دو ماہ قبل ان کے چھوٹے بھائی کو بھی دہشت گردوں نے زخمی کیا، مگر وہ آج بھی دہشت گردی کے خلاف سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی، بلوچستان پولیس اور پاک افواج بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں، لیکن افسوس کہ ایک طرف ریاست کے اہلکار شہید ہو رہے ہیں اور دوسری جانب الزام بھی ریاست ہی پر عائد کیا جاتا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کی قربانی بلوچستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔






