اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ڈھائی سال میں نہایت مشکل مراحل عبور کرکے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا، آج پاکستان دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم تحریک آزادی کے قائدین اور کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں آزاد مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کرکے آزادی کی جدوجہد کامیاب بنائی۔ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں شہری آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور دینی و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین اور قوانین پاکستان تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں، جبکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل عبور کرکے معیشت کو مستحکم کیا اور اب پاکستان ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جو معیشت کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دے کر مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا۔ پاکستان اپنی افواج پر فخر کرتا ہے، جبکہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم اور باوقار ملک اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ مشکل علاقائی صورتحال کے باوجود پاکستان ایک ذمہ دار اور خطے میں استحکام کے ضامن ملک کے طور پر ابھرا ہے اور امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔






