اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈھائی سال کی محنت، ٹیم ورک اور مسلسل کوششوں کے ذریعے ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ میکرو اکنامک استحکام انتہائی مشکل مراحل سے گزرنے کے بعد حاصل ہوا، جو پوری قوم کی خواہش اور ہر پاکستانی کی آواز ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے ایک عظیم ملک بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں، تاہم بدقسمتی سے یہ کوششیں بارآور ثابت نہ ہو سکیں۔ ایک طرف ملک میں ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری ہے جبکہ دوسری جانب احتجاج اور دھرنوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا پہلا نشانہ ملکی معیشت بنتی ہے، اس لیے سوچنا ہوگا کہ کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور دھرنے ختم کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم نے سوال کیا کہ کیا احتجاج کے ذریعے پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا مقصود ہے؟ انہوں نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو آپ کے ساتھ بات کریں گے۔





