اسلام آباد(طلوع نیوز)بلیو ایریا کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر صدر راجہ حسن اختر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کادورہ کیا اور بلیو ایریا کے تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں چیمبر کے صدر احسن ظفربختاوری کو آگاہ کیا اور ان کو حل کرانے میں تعاون کی درخواست کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے جو معیشت کی ترقی، ٹیکس ادائیگی اور روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے حکام سے مطالبہ کیا کہ بلیو ایریا میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تا کہ تاجر برادری کو کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کا مسئلہ بلیو ایریا کیلئے زندگی و موت کا مسئلہ ہے لہذا پارکنگ پلازہ کی تعمیر ہونے تک فضل حق روڈ پر پارکنگ کی اجازت دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلیو ایریا میں ایک شاندار شاپنگ فیسٹیول منعقد کرنا چاہتا ہے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور عوام کو بھی مناسب قیمتوں پر چیزیں خریدنے کا موقع ملے۔ بلیو ایریا ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حسن اختر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بلیوایریا کے اہم مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کی عدم دستیابی، سیوریج کا ناکارہ نظام، خراب سٹریٹ لائٹس بلیو ایریا کے اہم مسائل ہیں لہذا سی ڈی اے ان کو جلد حل کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بلیوایریا میں ایک فلاور مارکیٹ کی ضرورت ہے جبکہ درختوں کی بھی کانٹ چھانٹ کرنے کی ضرورت ہے لہذا سی ڈی اے اس سلسلے میں اقدامات کرے۔انہوں نے بلیو ایریا کی تاجر برادری کی طرف سے چیمبر کے صدر احسن بختاوری کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے دور میں بلیو ایریا کے تاجروں کو جو عزت دی گئی ہے وہ شاید چیمبر کی تاریخ میں کبھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری کے دور میں تاجروں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور جو باقی رہ گئے ہے امید ہے وہ بھی جلد حل ہوں گے۔چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ بلیو ایریا کی ایسوسی ایشن تجارتی سیاست میں بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کے ممبران کی تعداد کسی بھی مارکیٹ یا صنعتی علاقے کی ایسوسی ایشن سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ بلیو ایریا کے تاجروں کو اہمیت دی ہے جبکہ وہ خود جب چیمبر کے صدر تھے تو اس وقت بھی بلیو ایریا کے تاجروں کا چیمبر میں ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا تھا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر بلیو ایریا کے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ بلیو ایریا کے گروپ لیڈر یوسف راجپوت نے کہا کہ بلیو ایریا کے تاجر احسن بختاوری کے ساتھ ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے رہیں گے۔اس موقع پر بلیو ایریا کی ایسوی ایشن کے سیکرٹری جنرل میاں بشارت کاکا خیل نے فاؤنڈر گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری نے گذشتہ 8ماہ کے دوران جس بے لوث جذبے سے تاجروں کی خدمت کی ہے اس سے متاثر ہو کر انہوں نے فاؤنڈر گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ بلیوایریا میں جلد ایک فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے جو وہاں کے تاجروں اور شہریوں کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز نے اپنے خطا ب میں کہا کہ کوہسار تھانہ کی حدود میں واقع سپر مارکیٹ، جناح سپر مارکیٹ اور بلیو ایریا کے تاجر ایک اکائی کی صورت میں چیمبر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امین پیرزادہ، راجہ ہمایوں سرور، عطیق الرحمٰن، شفقت گوندل، ریاض خان، عبدالرزاق، طہماس بٹ، یوسف خان، چوہدری وسیم، شیخ کلیم، راجہ حامد، عادل برکت، چوہدری عمران، نصیر عباسی، عمران خان، اظہر خان، یوسف بلتی اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔






