یورپی ملک چیک ری پبلک میں دو پہاڑوں کی چوٹی درمیان واقع دنیا کا طویل ترین پل عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
چیک ری پبلک میں ہوا میں معلق دنیا کا طویل ترین پل تعمیر مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا، پل کی لمبائی 721 میٹر ہے۔
اسکائی برج 721 نامی یہ پل دو پہاڑوں کی چوٹی کے درمیان بنایا گیا ہے اور یہ زمین سے 95 میٹر بلند ہے۔
اس کی تعمیر 2 سال میں ہوئی جس پر 8.4 ملین ڈالر کے اخراجات ہوئے۔
اس پل کی تعمیر سے قبل پرتگال کے 516 میٹر طویل اروکا برج کو دنیا کے طویل ترین پل کی حیثیت حاصل تھی۔
پل پر جانے والے سیاحوں کو پہلے سے بکنگ کروانی ہوگی اور 350 چیک کرونا (کرنسی) ادا کرنے ہوں گے۔
پل پر جانے والے سیاح کیبل کار کے ذریعے پل تک پہنچیں گے، اور پھر دوسری طرف اتر کر جنگل کے درمیان موجود راستے سے ہوتے ہوئے واپس شہر میں آجائیں گے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقہ نہایت مقبول سیاحتی مقام ہے اور پل کی وجہ سے یہاں کی سیاحت میں مزید اضافہ ہوگا۔