Saturday, December 21, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

انتخابی مہم کے دوران لیگی کارکنان کا مریم نواز کو بھینس کا تحفہ

لاہور: صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 میں مریم نواز کی انتخابی مہم کے دوران لیگی کارکن ایک بھینس لے کر پہنچے، جسے قیمتی قرار دیا جارہا ہے۔لیگی کارکنان نے بھینس کی رسی ہاتھ میں تھامے مریم نواز کے حق میں نعرے لگائے اور انہیں جرأت و بہادری کا استعارہ قرار دیا۔ لیگی کارکنان نے کہا کہ وہ اپنی ہر دل عزیز لیڈر کے پی پی 159 کے حلقے سے کھڑے ہونے پر بہت زیادہ خوش اور اُن کی جیت کیلیے پُرامید ہیں۔
اس سے قبل لاہور کے علاقے گجومتہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گجومتہ والوں آپ کا بہت شکریہ کہتی ہوں آپ نے بھرپور استقبال کیا، آپ نے میرا چناؤ کیا جس پر آپ کی شکر گزار ہوں، شیر کو فتح یاب کراؤ وعدہ کرتی ہوں خدمت میں دن رات ایک کردوں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ فیروز پور روڈ پر کہیں اسپیڈو بس تو کہیں اورنج ٹرین نظر آ رہی ہے، یہ سب نواز شریف کی خدمت کے نشان ہیں، لاہور کو بتانا چاہتی ہوں مسلم لیگ ن نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے جب گھس بیٹھیے آئے تو خدمت کے نشان وہیں رہ گئے، اورنج لائن کو کئی سال ثاقب نثار نے روک کر رکھا تو پی ٹی آئی دور میں کوڑا اٹھانے والا نہیں تھا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 اور پی پی 159 سے شیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔