پاکستان اور دبئی کے درمیان ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر میں تعاون پر 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ پاکستان اور دبئی کے درمیان 3بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر وزیرریلوے شاہد اشرف تارڑ اور چیئرمین دبئی پورٹس سلطان احمد بن سلیم نے دستخط کیے۔ وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے منصوبوں سے دونوں برادر ممالک میں تعلقات مستحکم ہوں گے، معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک مستقبل میں مستفید ہوں گے۔پاکستان کی طرف سے ریلویز اور پورٹ قاسم اتھارٹی جبکہ دبئی کی طرف سے ڈی پی ورلڈ کام کریں گے،شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک میں بہتری اور لاجسٹک اخراجات میں کمی ہو گی۔ ڈی پی ورلڈ پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ اقتصادی زون کو بھی ترقی دے گا،منصوبے میں ریلوے، اقتصادی زون اور انفراسٹرکچر میں تعاون، فریٹ کاریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور فریٹ ٹرمینلز کا قیام بھی شامل ہیں۔






