Thursday, December 19, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

بھارت کا پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا ہولناک منصوبہ بے نقاب

پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشتگرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز/سہولت کاروں جو کہ دہشتگردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،ان کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کر دیا۔ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے شواہد کی بنیاد پر انہیں بے نقاب کیا،محمد ریاض اور شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی شہری اشوک کمار آنند اور یوگیش کمار براہ راست ملوث ہیں۔پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا۔ قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023ء کو راولا کوٹ جبکہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023ء کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا۔قتل کئے جانے محمد ریاض اور شاہد طیف پرامن شہری تھے اور ان کا قصور صرف یہ تھا کہ انھوں نے کشمیر میں جاری ظلم اور بربریت اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا۔تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹڈ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔ بھارت نےپاکستان سمیت دیگر ممالک میں مختلف معصوم افراد کو دہشتگردانہ کارروائیوں میں قتل کیا مگر ان کی سرگرمیوں کے بارے کوئی بھی ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے،بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔ بھارت Universal Declaration of Human Rights(UDHR)کے آرٹیکل3 اورInternational Covenant of Civil and Political Rights(ICCPR) کے آرٹیکل 2 (4)کی مکمل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’ را‘‘ایک عالمی دہشتگرد تنظیم کا کرادار ادا کر رہی ہے،اس سے قبل بھی پاکستان میں اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی ایجنسیوں کے ریاستی سرپرستی میں کئے جانے والے ماورائے عدالت قتل کے منصوبے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ سال سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا،کینیڈا نے اس پر شدید سفارتی رد عمل ظاہر کیا اور اس قتل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا،بھارت نے اُن تمام سکھ رہنماؤں کو قتل کا منصوبہ بنایا جو بھارت کی ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف آواز بلند کرتے تھے۔
نجر کے قتل کے بعد بھارت نے امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گر پتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ بنایا جو امریکی خفیہ اداروں کی بروقت کارروائی سے بے نقاب ہوا،اس قتل کی سازش کا ملزم امریکہ میں عدالتی کاروائی کا سامنا کر رہا ہے،بھارت نے دنیا بھر میں اجرتی قاتلوں کا ایک گروہ بنایا ہوا ہے۔ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ اُنہوں نے اس گروہ کو پکڑا اور ثبوت منظر عام پر لائے،اقوام عالم کو چاہئے کہ وہ بھارت کی اس کھلم کھلا دہشتگردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پرنوٹس لے کر اس سے جواب طلبی کرے۔ پاکستان کے سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی دہشتگردی کا جواب دینے اور اپنے شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔