راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو ضمانت منظور ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ راولپنڈی کے انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے مقدمے میں شیخ رشید کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت اور انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر کارکنان نے شیخ رشید پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پر شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا تیسرا چلا ہے، میں نے الیکشن مہم میں حصہ نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ میں جیل میں تھا، مجھے کچھ پتا نہیں ملک میں کیا ہورہا ہے۔تھا۔
اس کے علاوہ انسداددہشتگردی راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے 9 مئی واقعات میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی 12 مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لیں۔۔پی ٹی آئی وکیل شیراز احمد رانجھا عدالت میں پیش ہوئے اور 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواست کی جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے مہلت کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو اورآرمی میوزیم حملہ سمیت 12 مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئیں۔عدالت نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں اس لیے بانی پی ٹی آئی کو گرفتار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی بھی 13 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی۔ تاہم ان کی رہائی کا امکان نہیں کیونکہ دونوں رہنما سائفر کیس میں سزا یافتہ ہیں۔






