رنگارنگ افتتاحی تقریب، اولمپکس کا آغاز ہوگیا

0
199

پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی۔ اولمپکس کی 128 سالہ تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب دریا میں ہوئی۔ 205 ممالک کے 10 ہزار 714 ایتھلیٹس اولمپکس میں شریک ہیں۔ پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی ہے۔

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکاروں نے پرفارم کیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر 4 ممالک کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔

پاکستانی دستے کی آمد کے موقع پر جیولین تھروور ارشد ندیم نے سبز ہلالی پرچم تھاما ہوا تھا، اُن کے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔ پاکستانی شوٹرز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور جی ایم بشیر ایونٹ کے مقام سے قریباً ساڑھے 3 گھنٹے کی مسافت کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔

2024 اولمپکس 1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں کھیلے جائیں گے، یوں قریباً ایک صدی بعد پیرس ان اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔

پیرس نے 3 بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والے دوسرے شہر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل لندن نے 1908، 1948 اور 2012 میں میزبانی کی تھی۔

پیرس اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کسی اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشہور دریائے سین کے ساتھ 6 کلومیٹر طویل راستے پر منعقد ہوئی، یہ فاصلہ آسٹرلٹز پل سے شروع ہو کر ایفل ٹاور کے زیرِ سایہ ٹروکیڈیرو میں باغات، فواروں اور محلات کے درمیان ختم ہوا۔

قریباً 32 کھیل اس ایونٹ میں شامل ہیں اور ایونٹ کے متعدد کھیل فرانس کے دیگر 16 شہروں میں بھی ہوں گے۔

اس ایونٹ کی ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلا اولمپکس ہوگا جس میں مرد اور خواتین ایتھلیٹس کی تعداد برابر ہوگی، 10 ہزار 500 کھلاڑیوں میں سے 5 ہزار 250 مرد اور 5 ہزار 250 ہی خواتین شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ پیرس 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے جس میں دنیا بھر سے 10 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا