اسلام آباد: ماہ ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 24 اگست کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ علماء کرام، وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر ماہ ربیع الاول کے چاند کا اعلان کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی ہے، اور ربیع الاول 1447 ہجری کا آغاز 25 اگست (پیر) متوقع ہے۔ چاند کی پیدائش 23 اگست صبح 11 بج کر 6 منٹ پر ہوگی، اور 24 اگست کی شام مطلع جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کا امکان ہے۔
ربیع الاول میں اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منایا جاتا ہے، اور ملک بھر میں مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے نصب کیے جاتے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر درود و سلام کی محافل کا خصوصی اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔






