اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اگلے سال مون سون کے دوران شدید بارشوں میں 30 فیصد اضافہ کی پیشگوئی کی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ اگلے سال مون سون اپنے وقت سے تقریباً 15 روز پہلے شروع ہوگا۔ آئندہ برس مون سون کے دوران دو سے تین اضافی سپیل متوقع ہیں، جس کا مطلب ہے کہ مون سون نہ صرف جلد شروع ہوگا بلکہ لیٹ ختم بھی ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ ملکی نظام کو مؤثر طریقے سے نہیں چلا سکتا، اور نئے صوبے یا انتظامی یونٹس کے قیام سے گورننس اور حکومتی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔






