وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تینوں دریاؤں پر پانی کا شدید دباؤ تھا اور گنجائش سے زائد پانی آیا، جس کی توقع نہیں تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ انتظامیہ نے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ جن لوگوں نے آبی راستوں پر گھر بنا لیے، ان کو ہٹایا جائے گا۔ نارووال، گجرات اور سیالکوٹ میں بری صورتحال کے باوجود انتظامیہ کی مدد قابل تعریف ہے۔
وزیراعلیٰ نے راوی میں پانی کی بلند سطح پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ملک میں انفراسٹرکچر، پانی کے ذخائر اور ڈیمز بنانا ضروری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ بارش کے پانی کو ہارویسٹ اور اسٹور کرنے کے لیے منصوبہ بنایا جائے۔






