پشاور: سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں میں چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن خان، رائے مرتضیٰ اقبال، رائے حیدر علی اور رائے انصار اقبال شامل ہیں۔
جسٹس وقار احمد اور جسٹس محمد اعجاز خان پر مشتمل بنچ کے روبرو سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلوں کو انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد سے غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی اور الیکشن کمیشن نے اپیلوں کا انتظار کیے بغیر انہیں راتوں رات نااہل قرار دے دیا۔ وکیل نے کہا کہ محض سزا نااہلی کے لیے کافی نہیں ہوتی اور اس حوالے سے ماضی کے عدالتی فیصلے موجود ہیں۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنا اللہ اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں نے اعتراض اٹھایا کہ تمام درخواست گزار پنجاب کے حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں، لہٰذا لاہور ہائیکورٹ یا اسلام آباد ہائیکورٹ میں رجوع کیا جا سکتا ہے۔
جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ لاکھوں ووٹرز نے ارکان اسمبلی کو منتخب کیا ہے اور ہر سزا نااہلی کا سبب نہیں بنتی۔ عدالت نے کہا کہ ماضی میں اسی نوعیت کے کیسز پشاور ہائیکورٹ میں سنے گئے اور سپریم کورٹ نے کبھی یہ مؤقف نہیں اپنایا کہ یہ عدالت ایسے کیسز نہیں سن سکتی۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ زرتاج گل کے حلقے کے معاملے کی طرح ان کے مؤکلوں کے معاملے میں بھی مساوی سلوک کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ اس پر آرڈر جاری کیا جائے گا۔




