نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے قطر پر ہونے والے اجلاس میں اسرائیلی نمائندے کے ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک قابض اور جارح ملک ہے جو بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کرتا ہے اور اس کونسل کے تقدس کی توہین کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے دوسروں پر انگلیاں اٹھانا اور بے بنیاد الزامات لگانا اپنی غیر قانونی کارروائیوں کو چھپانے کی کوشش ہے، اور یہ آج پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بحث دہائیوں سے جاری ہے کیونکہ اسرائیل اپنے غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے سے انکار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اس کے انسداد دہشت گردی کے اقدامات قابلِ اعتراف ہیں۔ عاصم افتخار نے زور دیا کہ کونسل کے اراکین نے قطر کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ثالثی کے کردار کی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کو اولین ترجیح قرار دیا۔





