دارفور: سوڈان کے شہر الفاشر میں ایک مسجد پر ڈرون حملے میں کم از کم 75 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے۔
مقامی حکام اور فوج کے مطابق حملہ پیراملٹری گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز نے کیا۔ جاں بحق افراد میں کئی بے گھر شہری بھی شامل ہیں۔
سوڈانی فوج کی چھٹی انفنٹری ڈویژن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملیشیا نے صفیہ مسجد کو نماز کے وقت نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 75 سے زائد نمازی شہید ہوئے۔
الفاشر شمالی دارفور کا دارالحکومت اور خطے میں فوج کا آخری بڑا گڑھ ہے، جو مئی 2024 سے آر ایس ایف کے محاصرے میں ہے۔ فوجی تنصیبات کے ساتھ ہسپتال، اسکول اور بے گھر افراد کے مراکز بھی حملوں کی زد میں ہیں۔
مقامی رضا کاروں کے مطابق شہدا کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں مسجد کا ڈھیر اور متاثرین کی لاشیں دکھائی گئی ہیں۔
سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے اسے انسانی اور مذہبی اقدار اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان کی خانہ جنگی میں نسلی تشدد بڑھ رہا ہے اور عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔





