فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زیادہ تر جیولرز اپنی اصل آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 60 ہزار جیولرز میں سے صرف 21 ہزار ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، جبکہ صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائی ہیں۔
پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے تاجروں کی فہرست تیار کی گئی ہے، جنہیں نوٹسز بھیج کر وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے 900 جیولرز کے خلاف کارروائی کے لیے فہرست مرتب کر لی گئی ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کئی جیولرز کا طرزِ زندگی اور کاروبار ان کے ٹیکس ریٹرن سے مطابقت نہیں رکھتا، اسی لیے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ بلاوجہ کسی تاجر یا صنعت کار کو ہراساں نہیں کیا جائے گا لیکن ہر شہری کو اپنے حصے کا ٹیکس دینا ہوگا تاکہ ملک کا نظام بہتر طریقے سے چل سکے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد اور شادیوں پر بڑے پیمانے پر اخراجات کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بھی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔





