اسلام آباد ہائی کورٹ نے پٹوار سرکلز میں غیر متعلقہ افراد کے ذریعے سرکاری کام کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو ہدایت کی ہے کہ سات روز کے اندر خالی آسامیاں پُر کی جائیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ایگزیکٹو نے جیسے طے کر لیا ہے کہ کسی عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کرنا، ایک سال سے محض بہانے پیش کیے جا رہے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ پٹوار خانوں میں منشی بٹھا کر غیر قانونی کام کروائے جا رہے ہیں، گیارہ افراد غیر قانونی طور پر پٹوار خانہ چلا رہے ہیں۔ ہر افسر کو توہین عدالت کا نوٹس دے کر ذمہ داری پوری کرائی جا سکتی ہے۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنر ذاتی طور پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کر کے آسامیوں کی تکمیل کے اقدامات کریں، ورنہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔
کیس کی مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔






